اَن آفیشل ٹسٹ کے دوسرے دن 204 پر آؤٹ ہوئے ۔ انڈیا اے 557
لندن، 31 مئی (ایجنسیز) کرون نائر نے انگلینڈ ٹور کا شاندار آغاز کرنے کے بعد آج پہلے اَن آفیشل ٹسٹ میں انگلینڈ لائنز کے خلاف دوسرے روز اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ تاہم جلد ہی 204 پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی 281 گیندوں کی اننگز میں 26 چوکے اور ایک چھکا شامل ہیں۔ وہ گزشتہ روز 186 پر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ کرون نے ٹور کا کلیدی تین نمبر پر زبردست آغاز کرتے ہوئے پہلے ٹسٹ کیلئے اپنی دعوے داری پیش کردی ہے۔ چار روزہ میچ میں انڈیا اے کی پہلی اننگز آج لنچ کے بعد 557 پر ختم ہوگئی۔ مہمان ٹیم نے 125.1 اوورز کھیلے۔ 33سالہ کرن نائر نے 2016 میں چینائی میں انگلینڈ کے خلاف 303 رنز (ناٹ آؤٹ) بنائے تھے ، لیکن چند میچوں کے بعد انہیں ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔ بعدازاں نائر نے نارتھمپٹن شائر کیلئے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی ہے ۔ انہیں آنے والی ٹسٹ سیریز کے لیے ٹیم انڈیامیں شامل کیا گیا ہے ۔دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے جمعہ کو سرفراز خان کے ساتھ 181اور دھرو جوریل کے ساتھ 177رنز کی غیرمختتم شراکت داری کی، جو ہفتہ کو 195 پر ختم ہوئی۔ ٹسٹ ٹیم میں شمولیت سے محروم سرفراز نے 92 رنز بنائے ، جبکہ ٹسٹ اسکواڈ میں شامل جوریل گزشتہ روز 82 پر ناٹ آؤٹ تھے اور آج 94 پر آؤٹ ہوئے۔ ٹسٹ اوپنریشسوی جیسوال ہیمپشائر کے تیز گیند باز ایڈی جیک کی گیند پر 24 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ لائنز کے گیند بازوں میں بائیں ہاتھ کے جوش ہل سب سے آگے رہے ۔ انہوں نے انڈیا اے کے کپتان ابھیمنیو ایشورن کو 8 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اور سرفراز کو لیگ سائیڈ میں کیچ کرایا۔ 6 جون سے نارتھمپٹن میں دوسرا اَن آفیشل ٹسٹ کھیلا جائے گا۔