انگلینڈ میں ہندوستان کا نیا امتحاں

   

روہت۔کوہلی کے بعد دیگر کھلاڑیوں پر ذمہ داری

نئی دہلی ۔15 مئی (ایجنسیز) :گزشتہ 7 سال میں انگلش سرزمین پر ٹسٹ کرکٹ میں 40 یا اس سے زیادہ کی اوسط سے رنز بنانے والے دو ہندوستانی بیٹرس ویراٹ کوہلی اور روہت شرما ہیں لیکن یہ دونوں ہی ٹسٹ ٹیم کو وداع کہہ چکے ہیں۔ ان دونوں کے علاوہ باقی تمام بیٹرسکی بیٹنگ اوسط 40 سے کم رہی ہے۔کوہلی نے 2018 سے اب تک انگلینڈ میں کھیلے گئے23 ٹسٹ میچوں میں 41.82 کی اوسط سے 962 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 2 سنچریاں اور 5 نصف سنچریاں اسکورکی ہیں۔ روہت شرما کی انگلینڈ میں 2018 سے آخر تک بیٹنگ اوسط 44.54 رہی ہے۔ انہوں نے 12 ٹسٹ میچوں میں ایک سنچری اور2 نصف سنچریوں کی مدد سے 490 رنز بنائے ہیں۔ جب ٹیم انڈیا سال 2025 میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی تو نہ روہت شرما اور نہ ہی ویراٹ کوہلی ان کے ساتھ ہوں گے کیونکہ یہ دونوں ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ یہ نہیں تو کون؟ اس سوال کا کوئی جواب نہیں ہے لیکن اگرکوئی چاہے تو ایک بن سکتا ہے، اور وہ ہوگا ٹیم انڈیا کا ‘آرآرآر’ یعنی راہول، رشبھ اور رویندر۔ روہت اور کوہلی کے ٹسٹ سے سبکدوشی کے بعد یہ وہ تین کھلاڑی ہیں جو موجودہ ہندوستانی ٹیم میں ہوں گے اور جن کی بیٹنگ اوسط انگلینڈ میں قدرے بہتر نظر آئے گی۔2018 سے راہول نے انگلینڈ میں کھیلے گئے 18 ٹسٹ میچوں میں34.11 کی اوسط سے 614 رنز بنائے ہیں، جس میں 2 سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔ دوسرے لفظوں میں روہت۔ کوہلی کے بعد اگر پچھلے7 سال میں انگلینڈ میں کھیلے گئے ٹسٹ میں کسی بھی ہندوستانی بیٹرسکی بیٹنگ اوسط بہتر نظرآئی ہے تو وہ نام ہے کے ایل راہول۔رشبھ پنت نے17 ٹسٹ میچوں میں32.70 کی اوسط سے 556 رنز بنائے ہیں جس میں 2 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ رویندرا جڈیجہ کی انگلینڈ میں 2018 سے بیٹنگ اوسط 33.21 رہی ہے۔ انہوں نے 15 ٹسٹ میچوں میں ایک سنچری اور 2 نصف سنچریوںکی مدد سے 465 رنز بنائے ہیں۔ اعداد و شمار سے صاف ہے کہ اس بار ٹیم انڈیا کا دورہ انگلینڈ مشکل ہوگا۔