لیڈز۔27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ نے بین اسٹوکس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو تیسرے ایشز ٹسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر ایک ہی اننگز میں کئی عالمی ریکارڈ توڑ دیے۔میچ کی پہلی اننگز میں 67 رنز پر ڈھیر ہونے والے انگلینڈ کی ٹیم 359 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک موقع پر 286 رنزپر9 وکٹیں گنوا چکی تھی لیکن اس موقع پر آل راؤنڈر بین اسٹوکس حریف بولر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ورلڈ کپ فائنل کے مین آف دی میچ نے ایک اورناقابل فراموش اننگز کھیلتے ہوئے ایک رنز بنانے والے جیک لیچ کے ہمراہ 10ویں وکٹ کے لیے 76رنزکی شراکت فائم کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنارکیا اور انگلینڈ اس کے ساتھ ہی کئی ریکارڈز توڑ دیے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی انگلینڈ نے 131 سال قدیم ریکارڈ توڑدیا اور 1888 کے بعد سے اب تک کوئی بھی ٹیم پہلی اننگز میں 70 رنز سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد ٹسٹ میچ میں فتح حاصل نہیں کر سکی۔ انگلینڈ نے اپنی تقریباً ڈیڑھ سو سال قدیم کرکٹ کی تاریخ کو تبدیل کردیا اور انگلینڈ نے ہدف حاصل کرکے اپنی تاریخ کے سب بڑے نشانہ کو عبور کیا، اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کبھی بھی 359 رنز یا اس سے بڑے ہدف کا تعاقب نہیں کر سکی تھی۔انگلینڈ کے بین اسٹوکس اور جیک لیچ نے 10ویں وکٹ کے لئے 76رنز کی شراکت قائم کی جو ہدف کے کامیابی تعاقب میں چوتھی اننگز میں بنائی گئی دوسری بڑی شراکت ہے۔ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 10ویں وکٹ کے لیے 76رنز سے زائد کی صرف ایک شراکت قائم ہوئی ہے جہاں رواں سال فروری میں ہی جنوبی افریقہ کے خلاف کوشل پریرا اور وشوا فرنینڈو نے 304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فتح گر 78رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی تھی۔ ٹسٹ کرکٹ میں اب تک صرف 14 ٹسٹ میچوں میں ٹیموں نے 1 وکٹ سے فتح حاصل کی اور ان میں 6 فتوحات ٹیموں نے آسٹریلیا کے خلاف حاصل کیں جن میں سے 4 ناکامیاں اسے 1990 کے بعد ہوئیں جبکہ یہ تاریخ میں چوتھا موقع ہے کہ انگلینڈ نے ایک وکٹ سے کامیابی اپنے نام کی۔