کوالالمپور ۔13 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ویمن کرکٹ چمپئن شپ میں انگلینڈ نے دوسرے ونڈے میچ میں بھی پاکستان ویمن ٹیم کو 127 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ کوالالمپور میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، بیٹر نتالی سیور نے 12 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔نتالی سیور کے ناٹ آوٹ 100رنز کے علاوہ ہیتھر نائٹ 86 رنز بناکر رن آوٹ ہوئیں، فرین ولسن نے 49 گیندوں پر8 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی دھواں دھاراننگز کھیل کر 327 رنز کا ہمالیائی اسکوکھڑا کیا۔ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ندا ڈار نے2 وکٹیں حاصل کیں، ہدف کے تعاقب میں ٹیم کی بیٹرز اننگز میں طویل شراکت قائم کرنے میں ناکام رہیں۔