انگلینڈ نے پھر نیوزی لینڈ کو شکست دی، رگبی ورلڈ کپ میں کرکٹ جیسا منظر

   

ٹوکیو ۔29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے ایک مرتبہ پھر نیوزی لینڈ کے مداحوں کے دل توڑ دیے، اس مرتبہ میدان کرکٹ کا نہیں بلکہ رگبی کا تھا۔رگبی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں یک طرفہ مقابلے کے بعد دفاعی چمپیئن نیوزی لینڈ کو انگلینڈ نے 7-19 نشانات سے شکست دے کر اس کا مسلسل تیسری مرتبہ عالمی چمپیئن بننے کا خواب چکنا چور کردیا۔ جاپان میں جاری رگبی ورلڈکپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل تھی، دفاعی چمپئن ٹیم نے میچ سے قبل اپنا مخصوص انداز ہاکا اپنایا اور اپنے مداحوں میں جوش بھر دیا۔ میچ کا آغاز ہوا تو دونوں جانب سے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، تاہم انگلینڈ نے کچھ دیر بعد ہی دفاعی چمپیئن ٹیم پر پے در پے حملے کرکے نشانات بٹورے اور میچ کے اختتام پر اسکور میں 7-19 کا واضح فرق تھا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم 2007 کے بعد پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی جبکہ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم 2007 کے بعد پہلی مرتبہ فائنل کی دوڑ سے باہر ہوئی۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 2007 میں رگبی ورلڈکپ کا فائنل نہیں کھیل سکی تھی جبکہ اس نے2011 میں فرانس اور 2015 میں آسٹریلیا کو شکست دے کر عالمی چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔میچ کے اختتام نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے فائنل کی یاد تازہ کردی جہاں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے میں سوپر اوور بھی ٹائی ہونے کے بعد باؤنڈریز کی بنیاد پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس میچ کے بعد انگلینڈ کھلاڑی اور شائقین مایوس اور آبدیدہ دکھائی دیے تھے، بالکل ایسے ہی جذبات رگبی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد بھی دکھائی دیے۔واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ جوکہ انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا اور فائنل میں بہتر مظاہرے کے باجود نیوزی لینڈ کو انگلینڈ سے کم باونڈریز مارنے کی وجہ سے شکست قبول کرنی پڑی تھی۔