انگلینڈ کا دورہ تاریخی ہوگا :بابر اعظم

   

Ferty9 Clinic

کراچی ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے دورہ انگلینڈ کو ایک تاریخی دورہ قرار دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے لاہور سے مانچسٹر روانگی سے قبل ایک پیغام شائع کیا ہے۔ بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہم ایک اور تاریخی دورہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، انگلینڈ میں کھیل کر ہمیشہ خوشی ہوئی ہے۔ ٹیم کے ونڈے اور ٹوئنٹی20 کپتان بابر اعظم نے سرفراز احمد، شان مسعود اور امام الحق کے ہمراہ سیلفی شائع کرتے ہوئے اپنے پیغام میں یہ بھی لکھا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ اس سفر کا منتظر ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ ہمیشہ کی طرح مداحوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ شائقین کی محبت، غیر مشروط تعاون کی بھی اس وقت ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ پاکستانی اسکواڈ آج صبح 10 بجے لاہور ایرپورٹ سے خصوصی طیارے میں مانچسٹر کے لیے روانہ ہوگیا ہے۔ شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم کی کورونا ٹسٹنگ اور 14 روز کا قرنطینہ وورسسٹر میں ہوگا، جس کے بعد ٹیم 13 جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہوگی جہاں وہ ڈربی شائر کاونٹی کرکٹ گراونڈ میں 2 چار روزہ میچز کھیلے گی۔ پاکستان کے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تمام میچز مانچسٹر اور ساوتھیمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے بعد انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ویسٹ انڈیز پہلی اور پاکستان دوسری ٹیم ہے۔