دبئی۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے نئی ٹسٹ رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق انگلینڈ 2 درجے تنزلی کے بعد پانچویں مقام پر آگیا ہے۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین حال ہی میں تین ٹسٹ میچز کی سیریز میں انگلش ٹیم کو2-1 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد آئی سی سی کی تازہ جاری کردہ رینکنگ کے تحت انگلینڈ کی 2 درجے تنزلی ہوئی اور وہ تیسری سے پانچویں مقام پر زوال پذیر ہو گیا۔ جبکہ ویسٹ انڈیز کو ٹسٹ سیریز اپنے نام کرنے پر 7 پوائنٹس ملے ہیں تاہم رینکنگ میں کوئی ترقی نہیں ملی۔ نئی درجہ بندی کے تحت ہندوستانی ٹیم بدستورپہلے مقام پر برقرار ہے۔ جنوبی افریقہ دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے مقام پر ہے۔ ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کا ساتواں نمبر ہے۔