لندن : انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کرس سلوروڈ ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کی ٹسٹ سیریز کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی ریسٹ اور روٹیشن پالیسی کے حصے کے طور پر سری لنکا اور پاکستان کے خلاف آئندہ سیریز سے بریک لیں گے ۔ان کی عدم موجودگی میں انگلینڈ کے معاون کوچ پال کولنگ ووڈ اور گراہم تھورپ ون ڈے سیریز کی قیادت کریں گے ۔اس سال کے شروع میں انگلینڈ کے دورہ سری لنکا اور ہندوستان کا حصہ رہے سلوروڈ نے روٹیشن پالیسی کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اگست سے ہندوستان کے خلاف شروع ہونے والی بڑی ڈومیسٹک ٹیسٹ سیریز میں واپسی سے قبل خود کو تازہ دم کرنے کے لئے بریک لیں گے ۔ انگلینڈ کو 2 جون سے نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کی گھریلوٹیسٹ سیریز کے بعد گھر میں 12 وائٹ بال سیریز کھیلنی ہے ۔ سری لنکا کے خلاف 23 جون کو تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے ساتھ اس کی شروعات ہوگی ، جس کے بعد تین ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے ۔ اس کے بعد انگلینڈ پاکستان کی میزبانی کرے گا۔