انگلینڈ کو جیت سے روکنا سری لنکا کیلئے آج بڑا چیلنج

   

شارجہ : انگلینڈ کی کامیابیوں کے سلسلہ کو روکنا سری لنکا کے سامنے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پیر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ 1 کا مقابلہ ہوگا۔ انگلینڈ نے اپنے پہلے تین میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ لگ بھگ یقینی بنالی ہے ۔ دوسری جانب سری لنکا کیلئے یہ میچ ہر صورت میں جیتنا ضروری ہے، ورنہ ان کی امیدوں پر پانی پھر جائے گا۔ ہفتہ کو جس طرح انگلینڈ نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی ، اس کے پیش نظر پیر کا میچ سری لنکا کیلئے بہت بڑا چیلنج ہو گا۔ انگلینڈ اپنے پہلے تین میچوں میں تین جیت کے ساتھ شاندار فارم میں ہے لیکن پھر بھی وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوسکتا ہے بشرطیکہ وہ اپنے آخری دونوں میچ ہار جائے اور اس مرحلے کو چھ پوائنٹس پر ختم کرتاہے تو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے پاس آٹھ پوائنٹس تک پہنچ کر ان سے آگے نکلنے کاموقع ہے ۔ انگلینڈ کو ایک اور جیت سیمی فائنل مرحلے میں پہنچا دے گی۔ اگر وہ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے ساتھ برابری پررہتاہے تواپنے اچھے نٹ رن ریٹ کی وجہ سے وہ ٹاپ چارمیں پہنچ جائے گا۔ سری لنکا کو اپنے آخری دو میچز جیتنے ہوں گے اور پھر امید کرنی ہوگی کہ دوسرے میچوں کے نتائج اس کے حق میں جائیں۔ ان کی سب سے اچھی حالت یہ ہوگی کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ اپنے باقی دونوں میچ ہار جائیں۔ اس حالت میں انگلینڈ (8 پوائنٹس) اورسری لنکا (6) کوالیفائی کریں گے اوردیگر تمام ٹیمیں چار پوائنٹس پر رہ جائیں گی۔ اگرانگلینڈ 10 پوائنٹس پر ختم کرتا ہے توپانچ ٹیموں کے چار،چار پوائنٹس ہونے کاامکان ہے ، لیکن یہ ایسی لڑائی ہے جس میں سری لنکا شامل نہیں ہونا چاہے گا۔