کوالالپمور: انڈر19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ جمعہ31 جنوری کو ہوئے اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو9 وکٹوں سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے مسلسل دوسری بار اس ٹورنمنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے۔ پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔ اب ہندوستان اور جنوبی افریقہ خطابی میچ میں ٹکرائیں گے۔ یہ میچ اتوار2 فروری کو کھیلا جائے گا۔ یاد رہیکہ ہندوستانی ٹیم اس ٹورنمنٹ کی دفاعی چمپئن ہے۔ ہندوستانی ٹیم پورے ٹورنمنٹ میں چھائی رہی۔ گروپ مرحلے کے بعد ہندوستان نے سوپر سکس میں بھی تمام میچز جیتے۔ یہ غلبہ سیمی فائنل میں بھی برقرار رہا۔ اب تک کوئی بھی ٹیم اس ٹورنمنٹ میں ہندوستان کو شکست نہیں دے سکی ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔ انہوں نے بھی اچھی شروعات کی اور صرف 4 اوورز میں 37 رنز بنائے لیکن اس کے بعد ہندوستانی بولروں نے حالات مشکل کرنا شروع کردیا۔ پارونیکا سسودیا نے 5ویں اوور میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم ایک بار پھر انگلش ٹیم کے بیٹرس نے 44 رنز کی شراکت بنا کر واپسی کی کوشش کی لیکن آیوشی شکلا نے81 رنز کے اسکور پر ہندوستانکو تیسری کامیابی دلائی۔ یہیں سے انگلینڈ کی ٹیم کے زوال کا آغاز ہوا۔ اگلے 12 رنز بنانے میں اس نے مزید 5 وکٹیں گنوائیں۔ اس دوران ویشنوی شرما نے4 اوورز میں 23 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، پارونیکا نے4 اوور میں21 رنز دے کر 3 وکٹیں، آیوشی نے 4 اوور میں 21 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی شاندار بولنگ کے بعد انگلینڈ کسی نہ کسی طرح 113 رنز تک پہنچانے میں کامیاب رہا۔ پارونیکا کو ان کی شاندار بولنگ پر پلیئر آف دی میچ بھی قراردیا گیا۔ 114 رنز کے تعاقب میں دونوں ہندوستانی اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کی۔ جی کملینی اور جی ترشا نے صرف 9 اوورز میں 60 رنز بنائے لیکن9 ویں اوورکی آخری گیند پر تریشا29 گیندوں میں 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئیں۔ تاہم اس کا ہندوستانی ٹیم پرکوئی اثر نہیں ہوا۔ کملینی نے سانیکا چالکے کے ساتھ مل کر بقیہ رنز آسانی سے بنائے۔ اس اہم میچ میں انہوں نے 50 گیندوں پر 56 رنز کی اننگزکھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ہندوستان نے انگلینڈکو 5 اوورز باقی رہ کر 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔