انگلینڈ کو لارڈز ٹسٹ جیتنے 1 وکٹ درکار، جڈیجا کامیابی میں حائل

   

لندن، 14 جولائی (ایجنسیز) لارڈز ٹسٹ کو جیتنے کیلئے انگلینڈ کو تادم تحریر صرف ایک وکٹ جبکہ ہندوستان کو 43 رنز درکار ہیں۔ پانچ میچ کی سیریز کا یہ تیسرا ٹسٹ آج جلد ختم ہوجانے کی توقع تھی۔ چنانچہ ابتدائی سیشن میں بین اسٹوکس کی ٹیم نے چار ہندوستانی وکٹ حاصل کرلئے تھے۔ لیکن سکنڈ سیشن میں رویندر جڈیجا کی جدوجہد نے انگلینڈ کو ابھی تک کامیابی سے دور رکھا ہوا ہے۔ جڈیجا 45 پر کھیل رہے ہیں جبکہ آخری بیاٹر محمد سراج 0 پر اُن کے ساتھ ہیں۔قبل ازیں ہندوستان نے اپنے کل کے اسکور 58/4 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ گزشتہ روز کی آخری گیند پر نائٹ واچمین آکاش دیپ آؤٹ ہوئے تھے۔ چنانچہ آج اوپنر لوکیش راہول کے ہمراہ وکٹ کیپر بیاٹر رشبھ پنت بیٹنگ کیلئے آئے لیکن آج پنت شاید اپنی زخمی انگلی کے سبب روایتی انداز میں نہیں کھیل پائے اور وہ صرف 9 رنز بناکر جوفرا آرچر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اس کے ساتھ انڈیا کا اسکور 71/5 ہوا جو تیزی سے 82/7 ہوگیا جب راہول (39) اور آل راؤنڈر واشنگٹن سندر (0) یکے بعد دیگر بین اسٹوکس اور آرچر کی بولنگ پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان اسٹوکس نے طویل اسپل میں بولنگ کرتے ہوئے کامیابی کیلئے جی جان لگانے کا مظاہرہ کیا۔ پہلے سیشن میں ہندوستان نے مزید چار وکٹ کھوئے۔ لنچ پر ٹیم انڈیا کا اسکور 112/8 تھا۔ درمیانی سیشن میں رویندر جڈیجا نے جسپریت بومرا کے ساتھ مل کر کافی جدوجہد کی اور اسکور کو 147 تک لے گئے۔ تاہم بومرا (5)نے آخرکار صبر کا دامن کھو دیا اور اسٹوکس کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 54 گیندیں کھیلے۔