انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے خلاف اننگز اور 65 رنز کی شکست

   

ماؤنٹ مانگني ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) وکٹ کیپر بي جے واٹلنگ کی پہلی ڈبل سنچری (205)کے بعد نیل ویگنر (44 رنز پر5 وکٹ) کی شاندار بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو پہلے کرکٹ ٹسٹ کے پانچویں اورآخری دن اننگز اور65 رنز سے شکست دے دی۔انگلینڈ نے میچ کے آخری دن اپنی دوسری اننگز کا آغاز تین وکٹ پر55 رنز سے کیا تھا لیکن کیوی بولروں نے اپنے گھریلو میدان پر حیرت انگیزکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے96.2 اوور میں پوری ٹیم کو197 کے اسکور پر سمیٹ دیا اور میچ اننگز سے اپنے نام کر لیا۔ نیوزی لینڈ نے اسی کے ساتھ دومیچوں کی سیریز میں1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے ۔انگلینڈ کے لیے کل کے ناٹ آؤٹ جو ڈینلي نے اپنی اننگز کا آغاز7 رنز سے آگے کیا تھا اور142 گیندوں کی سست اننگز میں تین چوکے لگا کر صرف35 رنز بنا کر ویگنرکا شکار بنے ۔ میچ ڈرا کروانے کا مقصد لے کر کھیل رہے ڈینلي75 ویں اوور کی تیسری گیند پر انگلینڈ کے چھٹے بیٹسمینس کے طور پر آؤٹ ہوئے اور ان کا اسکور اننگز میں سب سے بڑا رہا۔ انگلینڈ نے اپنے باقی سات وکٹ 128 کے اسکور پر گنوا دیئے ۔ مہمان ٹیم کے لیے بین اسٹوکس نے84 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے28 رنز، جوفرا آرچر نے30 رنز بنائے جبکہ سیم کیرن نے ناٹ آؤٹ29 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ویگنرنے44 رنز پر پانچ وکٹ لئے جبکہ مشیل سیٹنر53 رنز پر تین وکٹ لے کر دوسرے کامیاب بولر رہے ۔ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کو فی کس ایک وکٹ ملی ۔ نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگزکو201 اوور میں نو وکٹ پر615 رنز بنا کر اعلان کر دیا تھا۔ پہلی اننگز میں بي جے واٹلنگ نے 473 گیندوں میں24 چوکے اور ایک چھکا لگا کر205 رنز بنائے جبکہ آٹھ نمبر کے مشیل سیٹنر نے 269 گیندوں میں11 چوکے اور پانچ چھکے لگا کر126 رنز کی اننگز کھیلی۔ واٹلنگ کو ان کے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری کیلئے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔