انگلینڈ کو پھر شکست ، اسپین چوتھی مرتبہ یوروکپ چمپئن

   

برلن ۔ یورو کپ2024 کا فائنل میچ اسپین اور انگلینڈ کے درمیان جرمنی کے شہر برلن میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں اسپین نے انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دی۔ اس کے ساتھ وہ چوتھی بار یوروکپ کے چیمپئن بن گئے ہیں۔ اسپین نے12 سال بعد یہ ٹرافی دوبارہ حاصل کی ہے۔ ہسپانوی ٹیم اس سے قبل یہ ٹرافی 1964، 2008 اور 2012 میں جیت چکی ہے۔ اسپین نے یوروکپ 2024 جیت کر ایک ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ یہ سب سے زیادہ 4 بار یہ ٹرافی جیتنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کو مسلسل دوسری بار یوروکپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انگلینڈکی ٹیم 2020 کے فائنل میں اٹلی سے ہارگئی تھی۔ اسپین گزشتہ ایک دہے سے کسی بھی بڑے ٹورنمنٹ میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا تھا۔ یورو کپ جیتے کو 12 سال ہو چکے تھے۔ 2012 میں وہ راؤنڈ آف 16 میں ہی باہر ہوگئے تھے۔ جبکہ 2020 میں انہیں سیمی فائنل میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا لیکن اس بار اسپین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہسپانوی ٹیم نے یہ ٹورنمنٹ بغیر کوئی میچ ہارے جیت لیا۔ یہی نہیں انہوں نے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ گول (14) کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ فائنل میچ میں نیکو ولیمز اور میکل اویرزابیل فتح کے ہیرو رہے۔ قبل ازیں پہلے ہاف کے بعد دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں۔ دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہی ولیمز نے شاندار گول کرکے اسپین کو برتری دلا دی۔ تاہم انگلینڈ کے کول پامر نے73ویں منٹ میں گول کر کے برابر کردیا۔کھیل کے 13 منٹ بعد 86 ویں منٹ میں اویرزبال نے اسپین کے لیے ایک بار پھرگول کیا جوکھیل کا اہم موڑ ثابت ہوا تھا۔ نیکو ولیمزکو بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیاگیا۔ اسپین کے مڈفیلڈر روڈری ٹورنمنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پورے ٹورنمنٹ میں سنسنی پیدا کرنے والے17 سالہ لامین یامل کو ینگ پلیئرآف دی ٹورنمنٹ منتخب کیا گیا۔ یاد رہے کہ انگلینڈکی ٹیم نے1964 سے یوروکپ میں حصہ لینا شروع کیا تھا لیکن 60 سال میں آج تک یہ فائنل میچ نہیں جیت سکی۔ اب اس کا انتظار اور بڑھ گیا ہے۔ پہلے سال یعنی 1964 میں وہ ٹورنمنٹ کیلئے بھی کوالیفائی نہیںکرسکیں۔انگلینڈکو1996 میں میزبانی کا موقع ملا۔ اس وقت وہ سیمی فائنل تک پہنچ سکتی تھی۔ تب جرمنی نے ٹرافی پر قبضہ کرلیا تھا۔ تاہم وہ گزشتہ دو ایڈیشنزکے فائنل کھیل چکے ہیں۔