نئی دہلی ۔19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کو پہلی مرتبہ عالمی چمپئن بنانے والے آسٹریلیا کے ٹریور بیلس کو آئی پی ایل ٹیم سن رائزرس حیدرآباد نے اپنا نیا کوچ مقرر کیا ہے۔ بیلس آسٹریلیا کے ہی ٹام مودی کی جگہ لیں گے جو سات سیزن تک حیدرآباد ٹیم کے کوچ رہے ۔ مودی کی رہنمائی میں حیدرآباد نے 2016 میں آئی پی ایل خطاب جیتا تھا، 2018 میں رنر اپ رہی تھی اور 2019 میں پلے آف میں پہنچ کر چوتھے نمبر پر رہی تھی۔انگلینڈ کو حال میں ونڈے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ چمپئن بنانے والے بیلس کی انگلینڈ کے ساتھ مدت ایشیز سیریز کے بعد ختم ہو جائے گی۔ بیلس کی آئی پی ایل میں یہ دوسری میعاد ہو گی۔ وہ اس سے پہلے 2012 سے 2015 کولکاتہ نائٹ رائڈرس ٹیم کے کوچ رہے تھے اور اس دوران کولکتہ ٹیم نے دو مرتبہ خطاب جیتا تھا۔حیدرآباد ٹیم نے جاری ایک بیان میں کہاکہ انتہائی سنجیدگی کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد ہم نے چیف کوچ کے کردار میں ایک نئے شخص کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ ٹریور بیلس ہیں جنہوں نے انگلینڈ کو عالمی فاتح بنایا۔ ٹریور کے کے آر کے ساتھ دو آئی پی ایل خطابات اور سڈنی سکسرس کے ساتھ بگ بیش لیگ اور چمپئنز ٹی20 لیگ کے خطاب جیت چکے ہیں۔ وہ ایک فاتح ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ان کی رہنمائی میں ٹیم نئی بلندیوں تک پہنچے گی۔