ممبئی، 25 فروری (یو این آئی ) جھولن گوسوامی (30 رن پر چار وکٹ) اور شکھا پانڈے (18 رن پر چار وکٹ) کی خطرناک گیند بازی اور اوپنر سمرتی مدھانا (63) کی بہترین نصف سنچری سے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں یک طرفہ انداز میں سات وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔ہندستان نے انگلینڈ کو 43.3 اوور میں 161 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد 41.1 اوور میں تین وکٹ پر 162 رن بنا کر جیت اپنے نام کر لی۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے اوپنر جیمما رڈرگز (0) کا وکٹ دوسرے ہی اوور میں گنوا دیا لیکن مدھانا اور پونم راوت نے دوسرے وکٹ کے لئے 73 رن کی ساجھے داری کر ہندستان کو فتح کی راہ پر ڈال دیا۔ پونم 65 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔مدھانا نے پھر کپتان متالی راج کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 66 رن جوڑ کر ہندستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ مدھانا نے 74 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز بنائے اور وہ تیسرے بلے باز کی حیثیت سے 140 کے اسکور پر آؤٹ ہوئیں۔متالی نے دپتی شرما کے ساتھ ہندستان کو 42 ویں اوور میں جیت کی منزل پر پہنچا دیا۔ متالی نے 69 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 47 اور دپتی نے 29 گیندوں میں ناٹ آؤٹ چھ رن بنائے ۔اس سے پہلے ہندوستانی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں پر مسلسل انکش لگائے رکھا۔ نیٹلی شور کے علاوہ دیگر کوئی بلے باز ہندوستانی گیند بازوں کا سامنا نہیں کر سکی۔ نیٹلی نے 109 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85 رنز بنائے ۔