مانچسٹرس ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک سے زائد کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے بعد میزبان انگلش کرکٹ ٹیم پر کل افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں سیمی فائنل پر نظریں مرکوز کرلی ہیں۔ میزبان ٹیم کو اپنے کپتان ایان مرگن کی فٹنس کا مسئلہ درپیش ہے کیونکہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے گذشتہ مقابلہ میں پیٹ کی تکلیف میں مبتلاء ہوگئے تھے جبکہ اسے مقابلہ میں کپتان سے پہلے اوپنر جیسن رائے بھی عضلات میں جکڑن کی وجہ سے پریشان ہیں۔ منگل کو کھیلے جانے والے مقابلہ میں اپنی شرکت پر سوالیہ نشان ہونے کے باوجود کپتان نے کہا ہیکہ تشویش کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے کیونکہ یہ ایک عام نوعیت کی تکلیف تھی اور اس سے قبل بھی ایسی پریشانی سے میں گذر چکا ہوں۔ ایسی تکلیف کے بعد میں آئندہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب بھی ہوچکا ہوں۔ مقابلہ میں بھی وقت باقی ہے اور صحتمند ہونے کے پورے امکانات باقی ہیں۔ دوسری جانب جیسن رائے کی تکلیف سنگین نوعیت کی ہے اور ان کا اسکان کیا جانا ہے لیکن ان حالات کے باوجود صورتحال تشویشناک نہیں ہے۔ افغانستان کے خلاف کل اگر کپتان مرگن مکمل صحتیاب نہیں ہوتے ہیں تو پھر نئے کپتان جوس بٹلر ٹیم کی قیادت کریں گے اور مرگن کے مقام پر ٹام کیرن یا معین علی قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کئے جاسکتے ہیں۔ پاکستان کے خلاف حیران کن شکست کے بعد انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوبارہ فتح کی ڈگر پر واپسی کرلی ہے۔ افغانستان کے خلاف کامیابی کیلئے نہ صرف انگلینڈ کو پسندیدہ موقف حاصل ہے بلکہ سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات کو بھی وہ مستحکم کرسکتی ہے۔ دوسری جانب افغانستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی پہلی کامیابی کے تعاقب میں ہے کیونکہ اسے جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف متواتر چار ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہیں۔ ورلڈ کپ میں دوسری مرتبہ شرکت کررہی افغانستانی ٹیم کو 10 ٹیموں کے رواں ٹورنمنٹ میں آخری مقام حاصل ہے۔