کراچی ۔26 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں بھی اب فرسٹ کلاس میچ ٹاس کے بغیر شروع ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرسٹ کلاس ٹورنمنٹ قائد اعظم ٹرافی میں بغیر ٹاس کا منفرد تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انگلینڈ کے بعد پاکستان دوسرا ملک ہوگا، جس میں فرسٹ کلاس میچ ٹاس کے بغیر شروع ہو گا، مہمان ٹیم کو پہلے بولنگ دی جائے گی۔ پی سی بی ستمبر کے دوسرے ہفتے میں قائدِ اعظم ٹرافی شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے، چار روزہ میچوں میں اگر مہمان ٹیم کو وکٹ سے شکایت رہی اور وہ اپنے مضبوط بولنگ اٹیک سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو وہ نو ٹاس کا اختیار استعمال کرسکتا ہے، نئے سسٹم کے تحت 6 صوبائی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کروائے گا۔یاد رہے کہ 2016ء میں انگلینڈ کے کاونٹی میچوں میں ٹاس میں سکے کا استعمال ختم کر دیا گیا ، انگلینڈ یہ تجربہ ٹسٹ میچوں میں بھی کرنا چاہتا تھا لیکن اسے آئی سی سی اجلاس میں اس تجویز پر حمایت نہ مل سکی۔