انگلینڈ کے بولراسٹورٹ براڈ پر میچ کا 15 فیصد جرمانہ

   

Ferty9 Clinic

جوہانسبرگ ۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ پر جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے چوتھے میچ کے دوران غلط الفاظ ادا کرنے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اسٹورٹ براڈ کے چوتھے ٹسٹ کے دوران جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی کے قریب جاکر نازیبا زبان استعمال کرنے کے معاملے پر میچ انتظامیہ نے سماعت کی۔ میچ انتظامیہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قواعد و ضوابط کے مطابق اسٹورٹ براڈ کو آرٹیکل 2.3 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا جو بین الاقوامی میچ کے دوران نازیبا زبان استعمال کرنے سے متعلق ہے۔ اسٹورٹ براڈ کو جرمانے کے ساتھ نظم و ضبط کے ریکارڈ میں ایک منفی پوائنٹ کا بھی اضافہ کردیا گیا جو ان کی جانب سے گزشتہ 24 ماہ کے دوران دوسراجرم ہے۔ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق کوئی بھی کھلاڑی جب 24 ماہ کے دوران 4 منفی پوائنٹس تک پہنچ جاتا ہے تو یہ پوائنٹس معطلی میں تبدیل ہوجاتے ہیں اورکھلاڑی پر پابندی عائد ہوتی ہے۔ انگلینڈ اورجنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کے دوران اسٹورٹ براڈ کے علاوہ جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کگیسو رابادا، ورنان فلینڈر جبکہ انگلینڈ کے جوز بٹلر اور آل راونڈر بین اسٹوکس کو بھی مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے اور سزائیں دی جاچکی ہیں۔