لندن : گذشتہ روز آئی پی ایل 2021ء کے غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی ہونے کے بعد بیرونی کھلاڑیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور انگلینڈ کے 11 کھلاڑیوں میں 8 کھلاڑی وطن پہنچ گئے ہیں جس میں جوزبٹلر اور جانی بیرسٹو بھی شامل ہیں۔ جوس بٹلر آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کررہے تھے جہاں انہوں نے گذشتہ مقابلہ میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے حیدرآباد کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی تھی اور وہ آئی پی ایل 2021ء میں سنچری اسکور کرنے والے تیسرے بیٹسمین بنے تھے۔ علاوہ ازیں جانی بیرسٹو سن رائزس حیدرآباد کی نمائندگی کررہے تھے اور حیدرآباد کو 6 مقابلوں میں حاصل ہونے والی واحد کامیابی میں انہوں نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے اہم رول ادا کیا تھا۔ دیگر کھلاڑیوں میں سام کرن، ٹام کرن، سیم بلنگز، کریس ووپس، معین علی اور جیسن رائے بھی لندن واپس ہوچکے ہیں۔ اسکائی اسپورٹس نے مزید کہا ہیکہ آئندہ 48 گھنٹوں میں انگلش ٹیم کے کپتان ایان مرگن، ڈیوڈ ملان اور کریس جارڈن کی بھی آمد متوقع ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے چونکہ ہندوستان پر سفر کی پابندیاں عائد ہیں لہٰذا ان کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے مسلمہ مراکز میں 10 دن کا قرنطینہ گزارنا ہوگا۔ آئی پی ایل نے تمام بیرونی کھلاڑیوں کو حفاظت کے ساتھ وطن واپسی کی طمانیت دی ہے۔ لہٰذا آسٹریلیا کی جانب سے پابندی عائد کی جانے کے بعد یہاں کے کھلاڑی مالدیپ روانہ ہوچکے ہیں۔