انگلینڈ کے خلاف آج سری لنکا کو بقا ء کی جنگ

   

لیڈس ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق چمپئن سری لنکائی کرکٹ ٹیم گذشتہ مقابلہ میں آسٹریلیا کے خلاف ہوئی 87 رنز کی شکست سے ہنوز باہر نہیں نکل پائی ہے اب اسے کل طاقتور ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹورنمنٹ میں اپنی بقاء کی جنگ لڑنا ہے۔ سری لنکائی ٹیم صرف ایک کامیابی کے ذریعہ اس وقت 10 ٹیموں کے جدول میں چھٹے مقام پر فائز ہے جبکہ اسے چار نشانات حاصل ہوئے ہیں جس میں دو نشانات بارش کی نذر ہونے والے مقابلوں سے حاصل ہوئے ہیں۔ 1996ء کی چمپئن ٹیم کو افتتاحی مقابلہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ دو مقابلے بارش کی نذر ہوئے۔ گذشتہ ہفتہ سری لنکا کو لندن میں کھیلے گئے مقابلہ میں آسٹریلیا کے خلاف 87 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی اور کل اگر وہ انگلینڈ کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوتی ہے تو اس کی ورلڈ کپ مہم کا عملاً اختتام ہوجائے گا۔ دوسری جانب انگلینڈ آسانی کے ساتھ چار فتوحات کے ذریعہ دوسرے مقام پر موجود ہے اس سے صرف ایک مقابلہ میں پاکستان کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔ ایان مورگن کی زیرقیادت انگلش ٹیم 300 سے زائد رنز اسکور کرنے کی عادت ڈال چکی ہے جیسا کہ اس نے گذشتہ پانچ مقابلوں میں چار مرتبہ 300 سے زائد رنز اسکور کئے ہیں جس میں افغانستان کے خلاف 397/6 اور بنگلہ دیش کے خلاف 386/6 قابل ذکر ہیں۔ یہ بھی حقیقت ہیکہ ورلڈ کپ میں زیادہ رنز بنانے والے 10 بیٹسمینوںکی فہرست میں 5 انگلش میٹسمین ہیں اور اب تک ورلڈ کپ میں 13 سنچریاں اسکور ہوچکی ہیں جس میں 5 سنچریاں انگلینڈ کے نام موجود ہیں۔