کراچی ۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ 3 ونڈے، 3 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز پر مشتمل اسکواڈز کے لئے فی کس 15 خواتین کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ عروج ممتاز کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز میں 4 تبدیلیاں کی ہیں۔ دائیں ہاتھ کی بیٹر کائنات حفیظ اور آف اسپنر رامین شمیم کو پہلی بار ونڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ندا ڈار اور انعم امین کی ونڈے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ چاروں کھلاڑیوں کو ارم جاوید، کائنات امتیاز، سعدیہ اقبال اور ثناء میر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف ونڈے سیریز میں کرئیر کا آغاز کرنے والی 15 سالہ اسپنر عروب شاہ کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔