ساؤتھمپٹن ۔ 10مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم لندن سے ساؤتھمپٹن پہنچ گئی جہاں روز باول میں کل ہفتے کو انگلینڈ اور پاکستان کا دوسرا ونڈے میچ کھیلا جائے گا۔ پہلا میچ لندن میں اوول کے میدان میں بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ ٹوئنٹی20 اور پہلے ونڈے کی کارکردگی پر جوفرا آرچر کو ورلڈ کپ کے لئے انگلش ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ انگلینڈ نے جس ٹیم کا اعلان کیا ہے اس میں آرچر شامل نہیں ہیں لیکن 23مئی تک انگلینڈ ٹیم میں تبدیلی کرسکتا ہے۔ پہلے ونڈے میں انہوں نے چار اوورز میں پاکستانی بیٹسمینوں کو بے بس کردیا تھا۔ فاسٹ بولروں کے لئے سازگار حالات میں وہ 90میل فی گھنٹے کی رفتار سے بولنگ کرتے رہے۔ سوال یہ ہے کہ وہ کس کی جگہ پندرہ رکنی ٹیم میں آئیں گے کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ مارک ووڈ کی جگہ لے سکتے ہیں۔ پاکستان کے مڈل آرڈربیٹسمین حارث سہیل نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی سیریز کے فارم انگلینڈ کے خلاف بھی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ اوول میں وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار نہیں تھی لیکن امام الحق اور میں نے اچھی بیٹنگ کی۔ ہماری تیاری بہت اچھی جارہی ہے انگلینڈ نمبر ایک ٹیم ہے ۔ دریں اثناء آل راونڈر شعیب ملک دوسرے ونڈے میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے لیکن ان کی شرکت کا انحصار فٹنس پر ہوگا۔دس دنوں کی رخصت کے بعد شعیب ملک ٹیم کے ہمراہ ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا اور ۔ شعیب ملک نے خانگی وجوہات کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے رخصت لی تھی۔