انگلینڈ 71 سال بعد اقل ترین اسکور پر ڈھیر

   

لیڈز۔24 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کا م ) جوش ہیزل ووڈ کی شاندار بولنگ کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ایشز ٹسٹ میچ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 67رنز پر ڈھیر کر کے پہلی اننگز میں 118رنز کی برتری حاصل کر لی۔ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹسٹ میچ کے پہلے دن جوفرا آرچر نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے آسٹریلین ٹیم کو 179رنز پر ڈھیرکر دیا تھا، انہوں نے اننگز میں چھ وکٹیں لی تھیں۔انگلینڈ کی ٹیم اپنی اننگز کے آغاز سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور آسٹریلین فاسٹ بولرز کی عمدہ بولنگ کا ان کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔10 رنز پر جیسن روئے پویلین لوٹے اور پھر ایک گیند بعد ہی ہیزل ووڈ نے کپتان جو روٹ کو بھی آوٹ کردیا جبکہ اسکور20 تک پہنچا ہی تھا کہ اوپنرزجو برنز 9 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کی وکٹ بن گئے۔ اننگز میں سب سے زیادہ 12 رنز بنانے والے جو ڈینلی اور بین اسٹوکس کی ساجھے داری میں اسکور 34 تک پہنچا ہی تھا کہ جیمز پیٹنسن نے آل راؤنڈر کی اننگزکا خاتمہ کردیا جبکہ 45 کے مجموعی اسکور پر ڈینلی بھی پیٹنسن کی وکٹ بن گئے۔ایک اوور بعد ہیزل ووڈ نے جونی بیئراسٹوکی اننگز ختم کردی جس کے بعد ووکس بھی پانچ رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ بٹلر کی اننگز بھی پانچ رنز پر تمام ہوئی۔ کمنز نے جوفرا آرچر کو آؤٹ کر کے پہلی اننگز کا بدلا چکایا جبکہ ہیزل ووڈ نے لیچ کی وکٹیں بکھیر کر انگلینڈ کی اننگز کا 67رنز پر خاتمہ کردیا۔انگلینڈ کی بدترین بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ڈینلی کے سوا کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں جبکہ کمنز نے تین اورپیٹنسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ بولروں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 118 رنز کی برتری حاصل کی۔