متاثرین کو منتقلی کیلئے راضی کرنے عہدیداروں کو مشورہ، سوشیل میڈیا پر اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا جواب دیا جائے
حیدرآباد 3 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ اور جھیلوں کی اراضیات پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی کی مہم کو دسہرہ تہوار تک روکنے کی حکام کو ہدایت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے حیڈرا اور موسی ریور ترقیاتی کارپوریشن عہدیداروں سے کہا کہ وہ بتکماں اور دسہرہ تہوار کے پیش نظر انہدامی کارروائیوں میں عجلت نہ کریں اور اس دوران مقامی افراد کوتخلیہ کیلئے راضی کرنے اقدامات کئے جائیں ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے اپوزیشن کی مخالفت میں شروع کردہ مہم سے نمٹنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہا کہ جس طرح مخالفت میں سوشیل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے ، اسی طرح پراجکٹ کی تائید میں سوشیل میڈیا پر تفصیلات عوام کیلئے پیش کی جائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے نئی دہلی دورہ کے موقع پر جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال کو پراجکٹ کے حقائق سے واقف کرایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ انہدام میں تیزی کی بجائے حکام عوام سے ملاقات کرکے بازآبادکاری پراجکٹس سے واقف کرائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے حیڈرا کے علاوہ ریونیو ، آبپاشی ، جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کو شہر کے اطراف کی جھیلوں کے ایف ٹی ایل علاقوں میں موجود ناجائز قبضوں کی تفصیلات اکھٹا کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تہواروں کے موقع پر انہدامی کارروائی کے ذریعہ عوام کو الجھن میں مبتلا کرنا درست نہیں ہوگا۔ اس دوران عہدیدار متاثرہ خاندانوں کو ڈبل بیڈروم مکانات میں منتقلی کی ترغیب دینگے۔ حکومت ہر خاندان کو ڈبل بیڈروم مکان کے علاوہ فوری 25,000 روپئے فراہم کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ دونوں پراجکٹس پر حکومت کا موقف قائم ہے۔ تالابوں اور جھیلوں کی اراضیات کا تحفظ کیا جائیگا اور اہم شخصیتوں کی عمارتوں کو منہدم کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے حکام کے علاوہ پارٹی ارکان اسمبلی اور قائدین کو مشورہ دیا کہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا موثر جواب دیں ۔ شہر کو سیلاب جیسی صورتحال کو بچانے ذخائر آب کی اراضیات کا تحفظ اور موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ پر عمل ضروری ہے۔ 1