نظام آباد میں کانگریس وفد کی ضلع کلکٹر کو یادداشت ، بے گھر متاثرین انتہائی مشکلات سے دوچار
نظام آباد: 21/ اگست(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس پارٹی کا ایک وفد سید نجیب علی ایڈوکیٹ کی قیادت میں سابق کارپوریٹر مجاہد خان ،سابق معاون کارپوریٹر اشفاق احمد خان پاپا، کانگریس قائدین مولانا کریم الدین کمال، سمیر احمد زونل پریزیڈنٹ ،قدرت اللہ خان قمر، محمد انور، محمد اختر احمد ،ریاض الدین ،مرزا یوسف بیگ اور دیگر نے گورنمنٹ ایڈوائزر محمد علی شبیر کی ہدایت پر ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو سے کلکٹریٹ میں ملاقات کی اور ایک تفصیلی یادداشت پیش کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کو واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ بھارتی رانی کالونی ڈویژن نمبر 10,11 میں غریبوں کے مکانوں کو بغیر کسی اطلاع کے اور بغیر نوٹس کے منہدم کیا گیا اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کرنے اور سی بی سی ائی ڈی کے ذریعے تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی رانی کالونی بڈم چرو کہ شکم کی اراضی پر چند بی آر ایس قائدین نے غریب عوام سے لاکھوں روپے وصول کرتے ہوئے پلاٹ بنا کر دو تا تین لاکھ روپے کے دام پر فروخت کر دیا اور غریب عوام اپنے محنت کی کمائی جمع کر کے اپنی پوری پونجی یہاں پر خرچ کرتے ہوئے مکان تعمیر کیا تھا اور یہ مکان کو غیر مجاز قبضوں کے نام پر منظم کر دیا گیا جس کی وجہ سے کئی افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور بارش میں یہاں پر انتہائی مشکلات میں رہ رہے ہیں لہذا فوری ان کی عارضی رہائش کا بندوبست کرنے اور جن افراد نے پلاٹ بنا کر فروخت کیا تھا ان کے اثاثہ جات کو ضبط کرتے ہوئے اسے فروخت کرے اور غریبوں میں اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو تقسیم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ سید نجیب علی نے بتایا کہ بھارتی رانی کالونی میں جو نقصانات ہوئے ہیں اس کی وجہ سے یہاں کی عوام انتہائی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور بارش کی وجہ سے بے حد پریشان ہے انہوں نے ضلع کلکٹر سے نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوص میں ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اعلی سطح کی تحقیقات کروائیں اس میں ریوینیو کے عہدہ داروں کو شامل کریں ۔انہوں نے کہا کہ غریبوں میں جعلی دستاویزات بنا کر فروخت کیا گیا اور میٹر کنکشن کے لیے پانچ تا 10 ہزار روپے وصول کیے گئے اور اس میں شہر کے مئیر کے شوہر اور ان کے حامی کے علاوہ مقامی کارپوریٹر کے شوہر ملوث ہے لہذا اس خصوص میں فوری کاروائی کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دینے اور متاثرہ افراد کی بازآبادکاری کے لیے اقدامات کرنے کی خواہش کی جس پر ضلع کلکٹر نے اس خصوص میں جائزہ لیتے ہوئے مناسب اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ سید نجیب علی نے بتایا کہ محمد علی شبیر نظام آباد دورے کے موقع پر اس کا جائزہ بھی لینے والے ہیں۔