شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) مخالف مظاہرین کے خلاف وصولی نوٹس کے معاملے میں سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت کو سخت پھٹکار لگائی ہے۔سپریم کورٹ نے یوپی حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا، ‘سی اے اے مخالف مظاہرین کے خلاف وصولی نوٹس واپس لے ورنہ ہم اسے منسوخ کر دیں گے۔ سپریم کورٹ نے دسمبر 2019 میں سی اے اے مخالف مظاہرین کو جاری کیے گئے ریکوری نوٹس واپس لینے کا آخری موقع دیا۔ عدالت نے خبردار کیا کہ وہ قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کو منسوخ کر دے گی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 18 فروری کو ہوگی۔سپریم کورٹ نے کہا کہ دسمبر 2019 میں شروع کی گئی کارروائی جو سپریم کورٹ کے وضع کردہ قانون کے خلاف تھی، کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اتر پردیش حکومت نے خود ملزمین کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کی کارروائی میں “شکایت کنندہ، جج اور پراسیکیوٹر” کے طور پر کام کیا ہے۔کارروائی واپس لیں ورنہ ہم اس عدالت کے وضع کردہ قانون کی خلاف ورزی پر اسے منسوخ کر دیں گے۔