انیس الغرباء میں واقع اقامتی اسکول و جونیئر کالج کی طالبات کیلئے اجتماعی افطار

   

کانگریس قائد فیروز خاں نے انتظامات کئے، طالبات کو مسابقتی امتحانات کی تیاری کا مشورہ
حیدرآباد ۔5 ۔ مارچ (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے دوران نامپلی اسمبلی حلقہ کے مختلف علاقوں میں مسلسل 30 دن دعوت افطار اور 50 ہزار سے زائد افراد کو طعام کے انتظامات کے فیصلہ کے تحت کانگریس کے سینئر لیڈر اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں نے انیس الغرباء نامپلی میں واقع اقلیتی اقامتی اسکول و جونیئر کالج فار گرلز گوشہ محل کی طالبات کے ساتھ روزہ کشائی انجام دی۔ فیروز خاں اور ان کی اہلیہ لیلیٰ خاں نے اقامتی اسکولس اور یتیم خانہ کی طالبات کے ساتھ افطار کیا اور پھر طعام کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر تقریباً 600 سے زائد طالبات نے شرکت کی ۔ فیروز خاں نے اقامتی اسکول اور جونیئر کالج میں تعلیمی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا ۔ طالبات نے بتایا معیاری تعلیم کے علاوہ بہتر انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اقامتی اسکول سوسائٹی کی جانب سے طالبات کیلئے افطار اور سحر کا مناسب انتظام کیا جاتا ہے ۔ طالبات کیلئے نماز اور دیگر عبادتوں کے اہتمام کا خصوصی انتظام ہے۔ فیروز خاں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ مسابقتی امتحانات کی تیاری میں مشغول ہوجائیں۔ تاکہ گروپ اور دیگر مسابقتی امتحانات میں کامیاب کے ذریعہ تابناک مستقبل کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ ایک لڑکی کی تعلیم ایک خاندان کی تعلیم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ہر اسمبلی حلقہ میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جہاں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ ایک ہی کیمپس میں تعلیم حاصل کرپائیں گے ۔ انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر اسکل ڈیولپمنٹ کے کورسس کی تکمیل کریں۔ انہوں نے اقامتی اسکول اور جونیئر کالج کی طالبات اور اسٹاف کی ستائش کی اور کہا کہ اقامتی اسکولوں کے شاندار نتائج اسٹاف کی محنت کا نتیجہ ہے۔1