یتیم خانہ و کے جی تا پی جی تعلیمی سنٹر، صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ خاں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کے نامپلی علاقہ میں ہمہ منزلہ انیس الغرباء کامپلکس کا 7 اکٹوبر کو افتتاح عمل میں آئیگا۔ وزراء کے ٹی راما راؤ، ہریش راؤ اور محمد محمود علی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ 39 کروڑ مصارف سے 1.45 لاکھ مربع فیٹ اراضی پر خوبصورت کامپلکس تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ کامپلکس انیس الغرباء کے علاوہ دیگر تعلیمی سرگرمیوں کا مرکز رہے گا جہاں اقلیتی طلبہ کیلئے مختلف کورسیس کی کوچنگ کے اہتمام کیا منصوبہ ہے۔ مسیح اللہ خان نے کہاکہ افتتاحی تقریب کے بعد ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم میں مزید 7 ہزار درخواستوں کی شمولیت کا فیصلہ کیا گیا ہے اور حج ہاؤز میں ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ کی منظوری سے متعلق پروسیڈنگ جاری کی جائیگی۔ ائمہ و مؤذنین مسجد کمیٹی صدر یا نائب صدر کے لیٹر ہیڈ کے علاوہ آدھار کارڈ اور بینک پاس بُک کے ساتھ موجود رہیں تاکہ اُنھیں پروسیڈنگ حوالے کی جائے۔ مسیح اللہ خان نے بتایا کہ حج ہاؤز سے متصل زیرتعمیر ہمہ منزلہ کامپلکس کی تکمیل کیلئے حکومت نے 23 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ کامپلکس کے تعمیری کاموں کا 7 اکٹوبر کو آغاز ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ کامپلکس کی پائیداری پر ماہرین نے رپورٹ پیش کردی ہے جس کے مطابق حکومت نے 23 کروڑ روپئے منظور کئے تاکہ کامپلکس مکمل کیا جاسکے۔ ہمہ منزلہ کامپلکس کے 3 فلور اوپن ہال کی طرح رہیں گے تاکہ حج سیزن میں عازمین کا قیام ہوسکے ۔ اُنھوں نے کہاکہ ماہرین نے عمارت کو قابل استعمال قرار دیا ہے ۔ اُنھوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ اور دیگر کے ہمراہ انیس الغرباء کامپلکس کا معائنہ کیا اور انتظامات کو قطیعت دی۔ اِسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے کہاکہ یتیم خانے کی تعمیر کیلئے حکومت نے آر اینڈ بی کی 4 ہزار گز اراضی انیس الغرباء کیلئے الاٹ کی ہے۔ حکومت نے کہاکہ 39 کروڑ مصارف سے خوبصورت کامپلکس تعمیر کیا گیا جو اپنی نوعیت کا مثالی یتیم خانہ ہوگا جہاں کے جی تا پی جی مفت تعلیم کا نظم رہے گا۔ کامپلکس میں اقامتی اسکول اور کالج کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ کلاس رومس، اسٹڈی ایریا، پلے ایریا، عبادت گاہ، ڈائننگ اور کچن کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انیس الغرباء کامپلکس کو پانی کی سربراہی کیلئے حیدرآباد میٹرو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے 39 لاکھ روپئے کے مصارف عائد کئے تھے۔ سید عمر جلیل نے منیجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس دانا کشور سے ملاقات کی اور 10 لاکھ روپئے کمی کی کامیاب ترغیب دی۔ انیس الغرباء کامپلکس میں اقلیتی بہبود کے دفاتر منتقل کرنے کی تجویز ہے اور نگرانکار کمیٹی نے کسی بھی کمرشیل سرگرمی کی اجازت سے انکار کیا ہے۔