انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر تقریباً مکمل ، عنقریب افتتاح

   

اسکول کے علاوہ اقامتی کالجس کے قیام کی تجویز

حیدرآباد ۔ 2 ستمبر(سیاست نیوز) نامپلی میں انیس الغرباء کے ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور اندرون ایک ہفتہ افتتاح عمل میں آئے گا ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے مطابق اندرون دو یوم عمارت مکمل تیار ہوجائے گی اور حکومت کی جانب سے افتتاح کی تاریخ طئے کی جائے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں افتتاح کا منصوبہ ہے۔ عصری طرز کے تمام سہولیات سے آراستہ یتیم خانہ کی تعمیر کے مقصد سے حکومت نے آر اینڈ بی کی 4000 گز اراضی کو انیس الغرباء کیلئے الاٹ کیا جس کے بعد تقریباً 39 کروڑ کے مصارف سے 1.45 لاکھ مربع فٹ اراضی پر خوبصورت کامپلکس تعمیر کیا گیا۔ یہ ملک میں اپنی نوعیت کا ایک مثالی یتیم خانہ ہوگا جہاں کے جی تا پی جی مفت تعلیم کا انتظام رہے گا ۔ کامپلکس میں اقامتی اسکول اور کالج کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کلاس رومس ، اسٹڈی ایریا ، پلے ایریا ، عبادتگاہ ، ڈائننگ اور کچن کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انیس الغرباء کامپلکس کو پانی کی سربراہی کیلئے حیدرآباد میٹرو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے 39 لاکھ کے مصارف عائد کئے تھے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے دانا کشور سے ملاقات کی اور 10 لاکھ روپئے کی کمی کے لئے ترغیب دی۔ 39 لاکھ کے بجائے دانا کشور نے 29 لاکھ روپئے میں واٹر کنکشن فراہم کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ اس سلسلہ میں کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ واضح رہے کہ انتخابات سے قبل چیف منسٹر کے سی آر انیس الغرباء کامپلکس کے علاوہ جامعہ نظامیہ کے آڈیٹوریم کا افتتاح کرنا چاہتے ہیں۔ انیس الغرباء کامپلکس میں اقلیتی بہبود کے دفاتر منتقل کرنے کی تجویز ہے اور عمارت میں کسی بھی کمرشیل سرگرمی کی اجازت نہیں رہے گی۔