اقامتی اسکول سوسائٹی کا دفتر منتقل کرنے کا فیصلہ، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد۔/11 ستمبر، ( سیاست نیوز) انیس الغرباء نامپلی کے ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کیلئے تشکیل دی گئی منیجنگ کمیٹی نے آج تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ منیجنگ کمیٹی میں رکن اسمبلی اکبر اویسی ، حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہ نواز قاسم، سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ، چیف ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ عبدالحمید، انجینئر اِن چیف آر اینڈ بی آئی گنپتی ریڈی، جوائنٹ ڈائرکٹر ویمن اینڈ چائیلڈ ویلفیر شریمتی کے آر ایس لکشمی دیوی، سپرنٹنڈنٹ انجینئر آر اینڈ بی ہیڈکوارٹرس شریمتی وی شاردا ، ایکزیکیٹو انجینئر آر اینڈ بی عبدالحیفظ، آرکیٹکٹ کنسلٹنٹ مسرز سدھیر اسوسی ایٹ اور کنٹراکٹر سدا ریڈی، مسرز سدھارتھا کنسٹرکشنس شامل ہیں۔ کمیٹی نے آرکیٹکٹ کنسلٹنٹ، کنٹراکٹر اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا اور کہا کہ تعمیری کام سُست رفتاری سے جاری ہیں۔ کمیٹی نے تعمیری کاموں سے متعلق ماہانہ اساس کی بنیاد پر اور مرحلہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ کام پر بہتر انداز میں نگرانی کی جاسکے۔ کمیٹی نے کہا کہ 7 منزلہ یہ کامپلکس کی تکمیل کے بعد ہی اسے متعلقہ محکمہ جات کو الاٹ کیا جائے گا۔ کمیٹی نے کنٹراکٹر کو یقین دلایا کہ حکومت نے پہلے ہی درکار فنڈز مختص کردیئے ہیں اور فنڈز کی اجرائی کوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم تعمیراتی کام تیزی سے مکمل ہونے چاہیئے۔ کمیٹی نے کامپلکس کے بہتر انداز میں استعمال کا بھی جائزہ لیا۔ بعد میں صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کا دفتر کامپلکس میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔