مشیر حکومت برائے اقلیتی امور اے کے خان کا دیگر عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد۔15فروری(سیاست نیوز) انیس الغرباء کی تعمیر کو اندرون دو ماہ مکمل کرلیا جائے گا اور اس عمارت کا افتتاح بھی جلد عمل میں لایا جائے گا۔ جناب عبدالقیوم خان مشیر حکومت برائے اقلیتی امور نے آج ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس اور چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب سید خواجہ معین الدین اور دیگر متعلقہ عہدیداروں اور کنٹراکٹرس کے ہمراہ انیس الغرباء کی عمارت میں جاری تعمیری و آخری مرحلہ کے مرمتی کاموں کا مشاہدہ کرنے کے لئے دورہ کرتے ہوئے کنٹراکٹر کو ہدایت دی کہ وہ ان کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے اقدامات کو یقینی بنائے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اضافی اراضی کی فراہمی کے ذریعہ یتیم خانہ انیس الغرباء کی عمارت کی تعمیر نو کو جلد مکمل کرلئے جانے کے ریاستی حکومت کے ایوان اسمبلی میں اعلان کے بعد مشیر حکومت برائے اقلیتی امور جناب عبدالقیوم خان نے عہدیدارو ںکے ہمراہ دورہ کرتے ہوئے بقایاکاموں کا جائزہ لیا اور کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں ہدایت دی۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران انیس الغرباء کی اس عمارت کے افتتاح کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت اور تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے انیس الغرباء کی نو تعمیر شدہ عمارت کے افتتاح کے سلسلہ میں جلد ہی تمام امور کو قطعیت دے دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اس عمارت میں فی الحال تعمیری کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور آخری مرحلہ کے کاموں میں رنگ روغن و دیگر کام شامل ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ دورہ کے دوران عہدیداروں نے جاریہ کاموں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے ان کے معیار کے متعلق بھی آگہی حاصل کی ۔م