حیدرآباد۔/25 جون، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی عائشہ مسرت خانم ( آئی اے ایس ) نے بتایا کہ انیس الغرباء کے طلبہ جو ٹمریز کے مشیرآباد گرلز 1 اسکول میں قیام کررہے تھے انہیں نامپلی میں نوتعمیر شدہ انیس الغرباء کی عمارت میں منتقل کیا گیا ہے۔ جملہ 19 طلبہ میں 17 لڑکیاں اور 2 لڑکے ہیں۔ ان کی نگرانی کیلئے ایک تجربہ کار ٹیچر کو مقرر کیا گیا ہے اس کے علاوہ دو آیا، تین ہاوز کیپنگ اسٹاف، دو باورچی اور دیگر اسٹاف کو دیکھ بھال کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ عائشہ مسرت خانم نے کہا کہ ٹمریز کی جانب سے ان بچوں کی تعلیم اور دیگر سہولتوں کا خیال رکھا جائے گا۔ انیس الغرباء کے بچوں کیلئے چوتھی کلاس تک ماونٹیسری اور پرائمری اسکول کے آغاز کی تجویز ہے تاکہ چوتھی جماعت کے بعد وہ ٹمریز کے اسکولوں میں پانچویں جماعت میں داخلہ کے اہل ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ انیس الغرباء کی نامپلی سے منتقلی کے بعد بچوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بہت جلد مزید بچوں کو انیس الغرباء یتیم خانہ میں شامل کیا جائے گا۔ یتیم خانہ کی راست نگرانی اقامتی اسکول سوسائٹی کے تحت رہے گی۔ واضح رہے کہ بہتر سہولتوں سے آراستہ انیس الغرباء کی عمارت میں ٹمریز کا مرکزی دفتر منتقل کیا گیا ہے۔1