15دنوں میں رپورٹ پیش کرنے ممتا بنرجی کی ہدایت
کولکاتا : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے مقتول طلبا لیڈر انیس خان کے قتل کی تحقیقات کیلئے خصوصی انکوائری ٹیم تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے ۔ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دی ہے کہ کمیٹی 15 روز میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔ انکوائری کمیٹی ڈی جی، چیف سیکریٹری، ہوم سیکریٹری اور سی آئی ڈی کے افسران پر مشتمل ہوگی۔ ممتا بنرجی نے بھی انیس کے اہل خانہ کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کا یقین دلایا اور کہا کہ میں جان واپس نہیں دلا سکتی ہوںیہ میرے ہاتھ میں نہیں ہے ۔ میرا یقین کرو، میں جو کچھ بھی کر سکتی ہوں وہ کر و ں گی۔ حکومت غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے گی اور انصاف ہوگا۔ ممتابنرجی نے کہا کہ جو بھی قصوروار ہے اس کو سزا ملے گی ۔ اس کی مکمل غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوگی۔ اس کے لیے کوئی معافی نہیں ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے مزید دعویٰ کیا کہ حکمراں جماعت ترنمول کے انیس کے ساتھ کافی اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انیس کے ساتھ ہماری اچھی بات چیت تھی۔ الیکشن کے دوران انیس نے بھی ہماری بہت مدد کی۔ مقتول انیس خان کے دادا نے دعویٰ کیا ہیکہ انہیں ریاستی پولیس کی کسی بھی تفتیش پر بھروسہ نہیں ہے ۔ مقتول اسٹوڈنٹس لیڈر کا خاندان اب بھی سی بی آئی جانچ کے مطالبہ پر اٹل ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست کی طرف سے مقرر کردہ انکوائری کمیٹی سی بی آئی کی مدد کر سکتی ہے۔ مقتول انیس خان ایک زمانے سے سی پی آئی ایم کے طلبا تنظیم آئی ایس ایف سے وابستہ تھے اس کے بعد وہ عباس صدیقی کی جماعت آئی ایس ایف سے وابستہ ہوگئے تھے ۔سوشل میڈیا پرانیس خا ن کا ایک پوسٹ وائرل ہورہا ہے جس میں انیس خان نے لکھا تھا کہ وہ ھمکیوں سے خوف زدہ نہیں ہونے والے ہیں۔ وہ لوگوں کی مدد اور یہاں کے عوام کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے ۔
