انیل امبانی ایچ اے ایل کے ہنرمند ملازمین کو نوکری دیں

,

   

راہول کا مطالبہ ۔کانگریس نے ایچ اے ایل کے پاس نقدی کی قلت کا مسئلہ اٹھایا

نئی دہلی7جنوری(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ سرکاری شعبہ کی کمپنی ہندوستان ایرونوٹکس لیمیٹیڈ(ایچ اے ایل)کوملنے والا رافیل مینوفیکچرنگ ٹھیکا انل امبانی کی کمپنی کو دیاگیا جس سے ایچ اے ایل کی حالت زیادہ خراب ہوگئی ہے اور اس کے پاس اب ملازمین کی تنخواہ تک کے لئے پیسہ نہیں ہے ۔مسٹر گاندھی نے پیر کو ٹویٹ کرکے کہا ‘‘حیرت کی بات ہے کہ ایچ اے ایل کے پاس اپنے ملازمین کو تنخواہ دینے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔انل امبانی کو رافیل طیاروں کا ٹھیکا ملا۔ان کو چاہئے کہ وہ اب ایچ اے ایل کے ملازمین کو اپنے یہاں کانٹریکٹ پر لیں۔’’کانگریس صدر نے کہا کہ رافیل بنانے کا سودا نہ ملنے سے ایچ اے ایل کی حالت مزید خراب ہوگئی ہے اور وہاں کے ہنرمند ملازمین اب امبانی کی کمپنی کا رخ کریں گے ۔انہوں نے کہا‘‘بغیر تنخواہ کے ایچ اے ایل کے بہترین انجینئراور سائنس داں اب انل امبانی کی کمپنی کا ہی رخ کریں گے ۔’’اس کے ساتھ ہی انہوں نے وہ خبر بھی پوسٹ کی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ایچ اے ایل نے اپنے ملازمین کو تنخواہ دینے کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے کا قرض لیا ہے ۔دریں اثناء کانگریس نے آج لوک سبھا میں ایک بار پھر وزیردفاع نرملا سیتارمن پر غلط بیانی کا الزام لگاتے ہوئے ہندوستان ایرونوٹکس لیمیٹیڈ (ایچ اے ایل)کی خراب مالی حالت اور کمپنی کے ملازمین کی تنخواہ کا مسئلہ اٹھایا اور اس معاملے میں پوری بات رکھنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان میں ہنگامہ کیا۔وقفہ صفر کے دوران کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ محترمہ سیتارمن نے ایوان میں غلط حقائق پیش کئے ہیں۔واضح رہے کہ وزیردفاع نے وقفہ صفر سے پہلے ایک بیان دیا تھا جس میں کہاگیا تھا کہ ایچ اے ایل کے سلسلے میں 04جنوری کو ایوان میں دئے گئے ان کے بیان پر شبہ کیا جارہا تھا جو غلط ہے ۔انہوں نے ایچ اے ایل کے آرڈر کے اعدادو شمار پیش کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے جو کہا تھا وہ صحیح ہے ۔مسٹر کھڑگے نے کہا کہ محترمہ سیتارمن نے ایوان میں پھر غلط حقائق پیش کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایچ اے ایل کے کھاتے میں نقدی کا حساب منفی ہوگیا ہے اور اپنے ملازمین کو تنخواہ دینے کے لئے کمپنی کو 1000کروڑ روپے کا قرض لینا پڑا ہے ۔