نئی دہلی، 5 دسمبر (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے معروف صنعت کار انل امبانی کے ریلائنس گروپ کمپنیوں کی 18 جائیدادوں، فکسڈ ڈپازٹس، بینک ڈپازٹس، اور غیر اندراج شدہ سرمایہ کاری میں شیئر ہولڈنگس کو ضبط کیا ہے ، جن کی مالیت 1,120 کروڑ روپے ہے ۔ ای ڈی نے جمعہ کے روز کہا کہ یہ کارروائی ریلائنس ہوم فائنانس لمیٹڈ، ریلائنس کمرشیل فائنانس لمیٹڈ، اور یس بینک سے دھوکہ دہی کے سلسلے میں کی گئی ہے ۔ ای ڈی کے اہلکار نے کہا کہ ضبط شدہ اثاثوں میں ریلائنس انفراسٹرکچر لمیٹڈ کی سات جائیدادیں، ریلائنس پاور لمیٹڈ کی دو جائیدادیں، ریلائنس ویلیو سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے نو اثاثے ، ریلائنس ویلیو سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام پر فکسڈ ڈپازٹ، ریلائنس وینچر اسیٹس منیجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، فیس لیٹر مینجمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام پر فکسڈ ڈپازٹ شامل ہیں۔ قبل ازیں، ای ڈی نے ریلائنس کمیونیکیشن لمیٹڈ (آر سی او ایم)، ریلائنس کمرشیل فائنانس لمیٹڈ، اور ریلائنس ہوم فائنانس لمیٹڈ کے بینک فراڈ کے معاملوں میں 8,997 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثوں کو ضبط کیا تھا۔