پیرس ۔ 23؍فروری ( ایجنسیز )فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے انیل کپور کو اپنا پسندیدہ بالی ووڈ اسٹار قرار دے دیا۔ ہندوستا ن میں ایک موقع پر سوال و جواب کے دوران صدر میکرون سے پوچھا گیا کہ وہ اپنا پسندیدہ بالی ووڈ اداکار کس کو سمجھتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ میں کہوں گا انیل کپور۔ انہوں نے اس حوالے سے اداکار کی عالمی شہرت اور مشہور جملے کا بھی ذکر کیا۔ اپنے حالیہ دورہ ہند کے موقع پرصدر میکرون اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہندوستان کے مختلف ثقافتی اور سفارتی پروگراموں میں شریک تھے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی نمایاں شخصیات کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کیں اور فرانسیسی زبان میں لکھا کہ بالی ووڈفلم کے ساتھ، ثقافت ہمیں متحد کرتی ہے۔ جو تصاویر وائرل ہوئی ہیں ان میں میکرون اور ان کی اہلیہ انیل کپور کے علاوہ منوج باجپئی، زویا اختر، رچا چڈھا، شبانہ اعظمی کے ساتھ نظر آئے۔اداکار انیل کپور نے بھی ملاقات کے خصوصی لمحات اپنے سوشل میڈیا پروفائل ایکس پر شیئر کیے ہیں۔