اواخر جولائی میں محبوبنگر میں پرینکا گاندھی کا جلسہ

   

کرشنا رائو کی شمولیت، سرینواس ریڈی کی مانک رائو ٹھاکرے سے ملاقات
حیدرآباد: 18 جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں محبوب نگر میں جلسہ منعقد ہوگا جس میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی شرکت کریں گی۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ سابق وزیر جوپلی کرشنا رائو کی کانگریس میں شمولیت کیلئے 20 جولائی کو طے شدہ جلسہ عام بارش کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی پارلیمنٹ سیشن میں شرکت کے موقع پر ہائی کمان سے جلسہ عام کی نئی تاریخ طے کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی کی مصروفیات کو دیکھتے ہوئے جاریہ ماہ کے اواخر میں جلسہ کی تاریخ طے کی جائے گی۔ جوپلی کرشنا رائو کے علاوہ رکن کونسل دامودر ریڈی اور دیگر قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی انتخابی تشہیر کمیٹی کے نائب صدرنشین کے طور پر سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی پہلی مرتبہ آج گاندھی بھون پہنچے جہاں کانگریس قائدین نے ان کا استقبال کیا۔ ریونت ریڈی نے سرینواس ریڈی کو تہنیت پیش کی۔ سرینواس ریڈی نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک رائو ٹھاکرے اور اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری سے بھی ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ر