اواخر ستمبر میں سرکاری اراضیات کے ہراج کا نوٹیفکیشن جاری

   

پوپل گوڑہ میں 95 ایکر، خانہ میٹ میں 22 ایکر کے ہراج سے 4236 کروڑ کی آمدنی متوقع
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) کوکہ پیٹ، خانہ میٹ میں سرکاری اراضیات کے ہراج سے ریکارڈ قیمت وصول ہونے پر مطمئن حکومت پھر ایک بار خانہ میٹ کے علاوہ پوپل گوڑہ میں سرکاری اراضیات ہراج کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ ہراج کیلئے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اراضیات کی اقل ترین قیمت میں حکومت نے زبردست اضافہ کیا ہے۔ جاریہ سال جولائی میں خانہ میٹ اور کوکہ پیٹ میں 25 کروڑ روپئے فی ایکر اراضی کی اقل ترین قیمت مقرر کی تھی۔ اب خانہ میٹ میں 22.79 ایکر اراضی کے ہراج کیلئے اقل ترین قیمت فی ایکر 30 کروڑ روپئے مقرر کی گئی ۔ دو ماہ میں یہاں اراضی کی قیمتوں میں فی ایکر اراضی 15 کروڑ کا اضافہ کردیا گیا ۔ پوپل گوڑہ میں 94.56 ایکر اراضی 26 پلاٹس میں فروخت کی جارہی ہے۔ فی ایکر اقل ترین قیمت 35 کروڑ روپئے مقرر ہے۔ اقل ترین قیمت کے لحاظ سے خانہ میٹ میں اراضیات سے 911 کروڑ اور پوپل گوڑہ میں 3,325 کروڑ جملہ کم از کم 4236 کروڑ روپئے حاصل ہونے کی امید ہے ۔ گذشتہ ہراج میں کوکہ پیٹ اور خانہ میٹ میں 65 ایکر اراضیات کے ہراج سے حکومت کو 2729 کروڑ حاصل ہوئے تھے۔ ٹی ایس آئی آئی سی اور ایچ ایم ڈی اے کے اہتمام 27 اور 28 ستمبر کو ہراج کیا جائیگا ۔ ہراج میں حصہ لینے والوں کیلئے لازمی ہیکہ وہ کم از کم 5 کروڑ روپئے ڈپازٹ کریں۔ N