اوبر ڈرائیور پر نیند کا غلبہ ، خاتون مسافر نے خود کار چلائی

   

حادثہ سے بچنے منفرد حکمت عملی، سوشیل میڈیا پر ویڈیو وائرل

پونے ۔ /4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پونے سے ممبئی تک ایک اوبر کار میں سفر کرنے والی خاتون نے جب یہ دیکھا کہ ڈرائیور بار بار نیند کے جھونکے لے رہا ہے اور حادثہ ہوسکتا ہے تو خاتون مسافر اسٹیرنگ وہیل پر آکر خود کار چلانے لگی ۔ یہ واقعہ یوں تو /21 فبروری کو پیش آیا تاہم یہ اس وقت منظر عام پر آیا جب مسافر تیجسوینی دیویا نائک نے سوشیل میڈیا پر اس واقعہ کی ویڈیو پوسٹ کی ۔ اطلاعات کے مطابق دیویا نے پونے سے ممبئی تک اپنی رہائش گاہ موقوعہ اندھیری جانے کیلئے اوبر کار بک کروائی ۔ کار چلانے کے دوران ڈرائیور مسلسل سیل فون پر بات کررہا تھا جس پر دیویا نے اسے ٹوکا ۔ فون رکھنے کے بعد ڈرائیور پر نیند کا غلبہ ہونے لگا اور وہ ایک ڈیوائیڈر اور سامنے سے آنے والی ایک کار کو ٹکر دیتے دیتے بچا ۔ جس پر دیویا نے اسے خالص ممبیا اندازمیں ڈانٹ پلائی اور کہا کہ اگر اسے (ڈرائیور) سونا ہے تو وہ پچھلی نشست پر آجائے ۔ دیویا نے ڈرائیور سے کہا کہ وہ آدھا گھنٹہ سوجائے ۔ ڈرائیور پچھلی نشست پر آگیا اور دیویا کار چلانے لگی ۔ اس دوران بھی ڈرائیور سونے کی بجائے سیل فون پر مسلسل بات کرتا رہا اور دیویا کی ڈرائیونگ صلاحیت کی تعریف بھی کرتا رہا ۔ ڈرائیور کے سونے کے بعد ہی دیویا نے ویڈیو بنائی ۔ ممبئی پہنچنے سے صرف نصف گھنٹہ قبل ڈرائیور نیند سے جاگا اور دیویا کو ممبئی میں اس کے مکان تک پہنچایا ۔ دریں اثناء اوبر انتظامیہ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔