نئی دہلی ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بائیں ہاتھ کے اسپنر پرگیان اوجھا نے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کرلی ہے۔ اوجھا جنہوں نے 2013ء میں سچن تنڈولکر کے کریئر کے آخری ٹسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، انہوں نے اعلان کیا ہیکہ وہ بین الاقوامی اور فرسٹ کلاس کرکٹ سے فوری طور پر سبکدوشی اختیار کررہے ہیں۔ اتفاقی طور پر سچن تنڈولکر جنہوں نے 20 نومبر 2013ء کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ممبئی میں آخری ٹسٹ کھیلا تھا اور 33 سالہ اوجھا کا بھی یہ مقابلہ کریئر کا آخری ٹسٹ ثابت ہوا۔ اوجھا نے اپنی سبکدوشی کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ 2009ء تا 2013ء کے دوران انہوں نے 24 ٹسٹ مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 113 وکٹیں حاصل کیں۔ اوجھا نے ٹوئیٹر پر سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہندوستانی ہونے کے ناطے بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی نمائندگی کرنا میرے لئے سب سے بڑا اعزاز ہے اور میں اپنی خوش قسمتی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔