اورلا پرینڈرگاسٹ کوٹی 20 درجہ بندی میں نمایاں ترقی

   

دبئی، 12 اگست (آئی اے این ایس) آئرلینڈ کی آل راؤنڈر اورلا پرینڈرگاسٹ نے ڈبلن میں پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کی 2-1 سیریز فتح میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد آئی سی سی ویمنزٹی 20 درجہ بندی میں بڑی پیش رفت کی ہے۔ اس ہفتہ جاری تازہ ترین فہرست میں دونوں ٹیموں کے کئی کھلاڑیوں نے ترقی حاصل کی۔ سیریزکی بہترین کھلاڑی قرار پانے والی پرینڈرگاسٹ نے144 رنز بنائے اور چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے بیٹنگ درجہ بندی میں آٹھ درجے ترقی کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ٹاپ 20 میں جگہ بنائی اور مشترکہ طور پر 19ویں نمبر پر پہنچ گئیں، جب کہ ان کے کیریئر کے بہترین 602 ریٹنگ پوائنٹس بھی حاصل ہوئے۔ یہ ترقی دوسرے اور تیسرے میچ میں بالترتیب 51 اور 64 رنزکی شاندار اننگز کھیلنے کی بدولت ممکن ہوئی۔ بولنگ میں بھی انہوں نے پہلی مرتبہ ٹاپ 50 میں جگہ بنائی، سیریز کے ابتدائی میچ میں 28 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت ٹیم نے11 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ آل راؤنڈرزکی فہرست میں اپنے کیریئر کے بہترین 298 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ وہ چھٹے نمبر پر پہنچ گئیں۔ ان کی ساتھی کھلاڑیوں میں ایمی ہنٹر بیٹنگ میں ایک درجہ ترقی کے ساتھ 29ویں نمبر پر آگئیں۔ پاکستان نے اگرچہ سیریز ہاری، مگر انفرادی کارکردگی کو سراہا گیا۔ بائیں ہاتھ کی اوپنر منیبہ علی کی آخری میچ میں سنچری اننگز نے انہیں بیٹنگ درجہ بندی میں تین درجے ترقی دلا کر مشترکہ طور پر32ویں نمبر پر پہنچا دیا۔ کپتان فاطمہ ثنا بیٹنگ میں چار درجے ترقی کے ساتھ 59ویں اور بولنگ میں ایک درجہ ترقی کے ساتھ مشترکہ طور پر 39ویں مقام پر پہنچ گئیں۔