اورنگ آباد : مہاراشٹراا کا ضلع اورنگ آباد جو علاقہ مراٹھواڑہ کا مرکز ہے، اردو زبان و ادب اور مختلف نوعیت کی تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد میں ایک اہم اور نمایاں مقام رکھتا ہے ۔ اردو زبان و ادب کی ترقی اور فروغ کیلئے یہاں مختلف افراد اور تنظیمیں ہمیشہ سرگرم رہتی ہیں۔ جو الگ الگ نوعیت کے پروگراموں کا انعقاد کر کے نوجوان نسل کو اردو زبان سے واقف کرانے اور انھیں راغب کرنے کیلئے کوشاں رہتی ہیں۔ ان پروگراموں میں ایک اہم پروگرام ’کتاب میلہ‘کا انعقاد بھی ہے ۔ اسی طرح کا ایک پروگرام ‘ ایجوکیشن ایکسپو و اردو کتاب میلہ2022 ‘ کا انعقاد اورنگ آباد شہر میں 16 ڈسمبر سے 22 ڈسمبر کے دوران ’ سوشل 7 فاونڈیشن‘کی جانب سے کیا گیا ہے ۔اس ضمن میں آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر باسط صدیقی اور افروز خان نے یو این آئی کو تفصیلات بتلاتے ہوئے کہا کہ ، اس ‘ ایجوکیشن ایکسپو و اردو کتاب میلہ2022 میلہ کے دوران 7 دنوں میں مختلف عنوانات پر 40 سے زائد سمینار اور کانفرنسس ہوںگی۔