اورینج اور گرین زونس میں ای کامرس سے کئی اشیاء کی فروخت کی اجازت

   

Ferty9 Clinic

دونوں زونس میں حجامت خانے کھلے رہیں گے ،شراب کی فروخت سے پابندی برخاست ، تیسرے مرحلے کے لاک ڈاؤن کا کل سے آغاز
نئی دہلی۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزارت امور داخلہ نے ہفتہ کو وضاحت کی کہ 4 مئی سے شروع ہونے والے لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلے کے دوران گرین زون اور اورینج زون میں اصلاح خانے (ہیر کٹنگ سیلون) کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ وزارت امور داخلہ نے جمعہ کو لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتوں کیلئے یعنی 17 مئی تک توسیع کرتے ہوئے گرین اور اورینج زونس میں کئی پابندیوں کو برخاست کردیا۔ ان علاقوں میں حجامت خانے کھلے رہیں گے۔ علاوہ ازیں ای۔ کامرس، پلیٹ فارمس کے ذریعہ فروخت کی جانے والی تمام ایسی اشیاء جو ضروری یا لازمی زمرے میں شامل نہیں ہیں، ان کی فروخت پر بھی کوئی پابندی باقی نہیں رہے گی۔ ریڈ زونس میں ای۔ کامرس کمپنیوں کو صرف ضروری اشیاء کی فروخت کی اجازت رہے گی، تاہم ریڈ زون میں حجامت خانوں یا معیاری ہیر کٹنگ سیلونس کھولنے کی اجازت نہیں رہے گی کیونکہ یہ خدمات ضروری اشیاء کے زمرے میں نہیں آتے ہیں، البتہ گرین، اورینج اور ریڈ زونس میں جو کنٹینمنٹ زمرہ کے تحت نہیں ہوں گے، وہاں شراب کی فروخت کی اجازت رہے گی۔ ریڈ زونس کے بڑے مارکٹس یا مالس میں واقع دکانوں سے ہٹ کر دیگر مقامات پر موجود دکانات میں شراب کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے، تاہم گرین، اورینج اور ریڈ زونس میں شراب کی دکانات پر گاہکوں کو اقل ترین 6 فیٹ (2 گز) کی دوری برقرار رکھنے کی سختی سے پابندی کی گئی ہے۔ یہ استثنیٰ 4 مئی کو تیسرے مرحلے کے لاک ڈاؤن کے آغاز سے نافذالاثر رہے گا۔ گھریلو خادماؤں کو ریڈ زونس میں کام کرنے کی اجازت کے بارے میں وزارت امور داخلہ کے عہدیدار نے کہا کہ رہائشی عمارتوں کے ویلفیر اسوسی ایشنس اس ضمن میں بیرونی افراد کی نقل و حرکت کی اجازت کے بارے میں کوئی فیصلہ کرسکتے ہیں، لیکن نہ صرف گھریلو ملازمین بلکہ ان کے آجرین کو بھی پروٹوکولس کی پابندی کرنا ہوگا۔ بالخصوص اگر کوئی غلطی سرزد ہوجاتی ہے تو اس صورت میں گھریلو خادماؤں کے آجرین پر ہی ذمہ داری عائد ہوگی۔کووڈ۔ 19 کے خطرات سے متعلق پروفائیلنگ کی بنیاد پر ریڈ، اورینج اور گرین زونس تشکیل دیئے گئے ہیں اور جن اضلاع میں گزشتہ 21 دن کے دوران کوئی پازیٹیو کیس کی توثیق نہیں ہوئی ہے،

اس کو گرین زون قرار دیا گیا ہے۔ ملک میں 130 ریڈ زونس تشکیل دیئے گئے ہیں جن میں سب سے زیادہ 19 اترپردیش اور اس کے بعد 14 مہاراشٹرا میں واقع ہیں۔ اورینج زونس کی تعداد 284 ہے، اور 319 گرین زونس ہیں۔ قومی دارالحکومت کے تمام اضلاع ریڈ زونس قرار دیئے گئے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران سارے ملک میں بین ریاستی روڈ ٹریفک کے علاوہ ، ریل ، فضائی اور میٹرو خدمات پر مکمل امتناع عائد ہے۔ خصوصی صورتوں میں وزارت داخلہ معاملات کی نوعیت کے مطابق استثنیٰ دے سکتی ہے۔