لکھنو: شیکسپیئرنے کسی زمانے میں کہا تھا کہ نام میں کیا رکھا ہے لیکن ہندوستان میں اب شائد شہروں کے نام بدلنے سے لوگوں کے نام بھی بدلتے جارہے ہیں۔ اردو کے مشہور شاعر اکبر الہ آبادی چونکہ الہ آباد کا نام بدل چکا ہے ، لہذا اب وہ اکبر پریاگ راجی کہلائیں گے۔ یہ حیرت انگیز بات اترپردیش ہائیر ایجوکیشن سرویس کمیشن کے ویب سائیٹ پر دیکھی گئی ، جہاں اکبر الہ آبادی کو اکبر پریاگ راجی بتایا گیا۔ جب اس واقعہ پر کافی شور و غل مچا تو کمیشن کے ڈپٹی سکریٹری شیوجی مالویا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اکبر الہ آبادی کو پریاگ راجی بتانا ایک گمراہ کن بات ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کمیشن کی ویب سائیٹ کو ہیک کر کے اکبر الہ آبادی کا نام شرارتاً اکبر پریاگ راجی کردیا گیا۔ کمیشن نے مشہور شاعر کے نام میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔