… اور اب شمالی کوریا بھی امریکہ سے جنگ کیلئے تیار

   

پیانگ یانگ ۔ شمالی کوریا کے قائد کم جونگ اْن نے چہارشنبہ کو رات گئے خبردار کیا کہ ان کا ملک امریکہ کے ساتھ کسی بھی فوجی کشیدگی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ سرکاری میڈیا میں رپورٹ کیے گئے اس انتباہ کو پیانگ یانگ کی تازہ ترین دھمکی کے طور پر دیکھا جار رہا ہے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ شمالی کوریا جلد ہی اپنا ساتواں جوہری تجربہ کرے گا۔ کورین سنٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق ملک کے قائد کم نے کوریائی جنگ کے خاتمے کی سالگرہ کے موقع پر ایک تقریر میں خبردار کیا کہ اگر جنوبی کوریا نے کوئی خطرناک کوشش کی تو اس کی حکومت کو ختم کر دیا جائے گا۔ جنوبی کوریا کے قدامت پسند صدر یون سک یول نے مئی میں عہدہ سنبھالا تھا، انہوں نے بار بار قبل از وقت حملوں کے امکان کی بات کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر جنوبی کوریا کو کسی فوری حملے کے آثار نظر آتے ہیں تو وہ شمالی کوریا کی قیادت سمیت ملک کے خلاف پیش بندی کرتے ہوئیحملہ کر سکتا ہے۔ اس کے جواب میں کم نے کہا کہ اس طرح کی کارروائی کا فوری طور پر سخت طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ یون سک یول حکومت اور اس کی فوج کو ختم کر دیا جائے گا۔