… اور اب عمران خان پاکستانی نیوز چینلز سے غائب

   

اسلام آباد: پیمرا کی مبینہ ہدایت پر عمران خان کو پاکستان کے تمام اہم نیوز چینلز سے غائب کر دیا گیا ہے۔ اس نوٹس میں ان کی گرفتاری کے بعد ان کے مبینہ حامیوں کی جانب سے پرتشدد واقعات اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ کا حوالہ دیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ایک نوٹس جاری کر کے تمام ملکی نیوز چینلز کو گزشتہ ماہ کے واقعات میں ملوث تمام افراد کا بلیک آؤٹ کرنے کاحکم دیا ہے، جس کے بعد سے سابق وزیر اعظم عمران خان کسی بھی اہم نیوز چینل پر نظر نہیں آ رہے۔ روئٹرز کے مطابق اس بارے میں ایک ہدایت نامہ، جو اس نیوز ایجنسی کے نامہ نگاروں نے دیکھا ہے، پیمرا نے گزشتہ ہفتہ جاری کیا تھا۔ اس میں گزشتہ ماہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیش آنے والے پرتشدد واقعات اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا ذکر کیا گیا ہے۔ پیمرا نے ٹیلی وڑن نشریات کے لیے تمام لائسنس یافتگان سے کہا ہے کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ ”نفرت پھیلانے والوں، فسادیوں، ان کے سہولت کاروں اور مجرموں کو میڈیا سے مکمل طور پر اسکرین آؤٹ کر دیا جائے۔‘‘ اس ہدایت نامہ میں عمران خان کا براہ راست کوئی حوالہ نہیں دیا گیا۔