ممبئی ۔ سال 2023 بالی ووڈ کے لیے حیرت انگیز رہا۔ پٹھان سے غدر2 تک چند بالی ووڈ فلموں نے باکس آفس پر زبردست کمائی کی ہے۔ اب شاہ رخ خان کی فلم جوان بھی اس فہرست میں شامل ہونے کو تیار ہے۔ جوان کی ایڈوانس بکنگ کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم باکس آفس پر پہلے دن ہی بمپر اوپننگ کرنے والی ہے اور 60 کروڑ کا ہندسہ چھوسکتی ہے ۔ اس حوالے سے کئی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں۔ دریں اثنا تجارتی ماہر اکشے راٹھی نے کہا کہ شاہ رخ خان کی فلم جوان کے پہلے دن کے کلیکشن امید سے زیادہ بھی ہوسکتے ہیں ۔ اکشے راٹھی نے شاہ رخ خان ، وجے سیتھوپتی اور نینتھارا کی فلم جوان کے بارے میں کہا کہ جوان کی شروعات تاریخی ہونے جا رہی ہے۔ فلم پہلے چار دنوں میں دنیا بھر میں 400 کروڑ روپے کما سکتی ہے۔ اگر فلم کی رپورٹس اچھی رہیں تو جوان پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جوان سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بھی بن سکتی ہے۔ شاہ رخ خان کی فلم کے اب تک 7 لاکھ سے زائد ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔ جس کے بعد اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ فلم نے ایڈوانس بکنگ سے 17 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کر لی ہے۔ بمپر ایڈوانس بکنگ کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم باکس آفس پر پہلے دن 60 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرسکتی ہے۔