برسبین۔ سابق عالمی نمبرایک ٹینس اسٹار نومی اوساکا اپنی بیٹی کی پیدائش کے چھ ماہ بعد دسمبر میں برسبین انٹرنیشنل میں 2024 میں واپسی کرنے والی ہیں۔ 26 سالہ جاپانی کھلاڑی نے اس سال جنوری میں اپنے حمل کا اعلان کیا اور جولائی میں اپنی بیٹی شائی کو جنم دیا۔ چاربار کی گرانڈ سلام چمپئن نے ٹوکیو میں ستمبر 2022 کے ٹورے پین پیسفک کے بعد سے ڈبلیو ٹی اے ٹور پر کوئی ٹورنمنٹ نہیں کھیلا ہے۔ برسبین،31 دسمبر سے شروع ہونے والا 500 ڈبلو ٹی اے ایونٹ ہے ، نئے سیزن کا اوساکا کا پہلا ٹورنمنٹ ہوگا۔ انہوں نے واپسی کے ضمن میں کہا ہے کہ میں میدان پر واپس آنے اور مقابلہ کرنے کے بارے میں واقعی پرجوش ہوں۔ مجھے ہمیشہ برسبین میں اپنے سیزن کا آغازکرنا پسند ہے اور میں واپسی کا انتظار زیادہ نہیں کر سکتی۔ اوساکا جنہوں نے 2019 اور 2020 میں برسبین انٹرنیشنل میں سیمی فائنل میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا برسبین انٹرنیشنل ایک بہت اچھا ٹورنمنٹ ہوتاہے اور اس موسم گرما میں مجھے شاندار واپسی کے لیے تیار کرے گا۔دوسری جانب مردوں کے زمرے میں تین مرتبہ کا گرانڈ سلام اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ اینڈی مرے توجہ کا مرکز ہوں گے۔