حیدرآباد۔9 ۔اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی نے اقلیتی بہبود پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اوقافی جائیدادوں کا مکمل سروے کرتے ہوئے ان کا تحفظ کیا جا ئے ۔ انہوں نے وقف اراضیات کی حصاربندی کی تجویز پیش کی تاکہ غیر مجاز قبضوں سے بچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضیات کے ساتھ وقف اراضیات کا بھی سروے تیزی سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کرنول میں وقف ٹریبونل کے قیام کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عیسائیوں کیلئے علحدہ شمشان گھاٹ تعمیر کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ائمہ اور مؤذنین اور پاسٹرس کو مقررہ وقت پر اعزازیہ کی ادائیگی کی ہدایت دی ۔ کرنول میں اردو یونیورسٹی کے قیام کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ شادی خانوں کی تعمیر کا کام محکمہ اقلیتی بہبود کے حوالے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقف کمیٹیوں اور حج کمیٹیوں کی تشکیل کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے کرسچن بھون کی تعمیر جلد مکمل کرنے ہدایت دی جس کا کام درمیان میں روک دیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے حکام کو ہدایت دی کہ اقلیتی اسکیمات پر عمل پر خصوصی توجہ دیں اور منظور کردہ بجٹ مکمل خرچ کیا جائے۔