عہدیداروں کو محمد سلیم کی ہدایت ، غیر مجاز رجسٹریشن روکنے کیلئے اقدامات
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام ضلع کلکٹرس اور رجسٹریشن دفاتر کو اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مکتوب روانہ کئے جائیں تاکہ رجسٹریشن روکا جاسکے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اوقافی اراضیات کے رجسٹریشن روکنے کیلئے احکامات جاری کرنے کا اسمبلی میں اعلان کیا تھا۔ محمد سلیم نے چیف منسٹر کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش اور تلنگانہ کی تاریخ میں کے سی آر پہلے چیف منسٹر ہیں جنہوں نے اوقافی اراضیات کے تحفظ میں دلچسپی لی ہے۔ چیف منسٹر نے 77,000 سے زائد اوقافی اراضیات کے رجسٹریشن کو روکنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ محمد سلیم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں ضلع واری سطح پر اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کی تفصیلات کے ساتھ تمام ضلع کلکٹرس کو مکتوب روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریاست کے تمام رجسٹریشن دفاتر کو اوقافی اراضیات کی تفصیلات روانہ کی جائیں گی تاکہ کوئی بھی غیر مجاز قابض رجسٹریشن نہ کراسکے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جلد سے جلد اراضیات کی نشاندہی کا کام مکمل کیا جائے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے ابھی تک کئی قابضین کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا اور 100 سے زائد اراضیات کے رجسٹریشن روکنے میں کامیابی ملی ہے۔ محمد سلیم کی خصوصی دلچسپی سے 6 غیر آباد مساجد کو آباد کیا گیا۔